ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / اقلیتوں کی فلاح اور بنگلورو کی ترقی کیلئے اعلانات خوش آئند: روشن بیگ

اقلیتوں کی فلاح اور بنگلورو کی ترقی کیلئے اعلانات خوش آئند: روشن بیگ

Wed, 15 Mar 2017 22:14:38    S.O. News Service

بنگلور:15/مارچ (ایس او نیوز)ریاستی وزیر شہری ترقیات و حج جناب آر روشن بیگ نے وزیر اعلیٰ سدارامیا کی طرف سے آج ریاستی اسمبلی میں پیش کئے گئے بجٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کا نقیب ہے۔ آج اسمبلی میں پیش کئے گئے بجٹ پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی مسلم لیجس لیٹرس فورم کی نمائندگی کی بھر پورلاج رکھتے ہوئے بلکہ اس سے کچھ قدم آگے جاکر وزیر اعلیٰ نے اقلیتوں کیلئے جو بجٹ مختص کیا ہے وہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے شہر بنگلورو میں مولانا ابوالکلام آزاد بھون کی 20 کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیر اور وہاں پر ایک اردو کنونشن ہال قائم کرنے کے متعلق وزیر اعلیٰ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل سے بنگلورو کے اردو داں طبقہ کا ایک دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ جناب روشن بیگ نے منگلورو میں حج ہاؤز کی تعمیر کیلئے10 کروڑ روپئے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کی کوشش کی جائیگی کہ اس علاقہ میں حج ہاؤز کی تعمیر کے کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔ بجٹ میں شہر بنگلورو کی ہمہ جہتی ترقی کی طرف توجہ اور ہر وارڈ میں ”نما کیانٹین“ کی شروعات کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب طبقات کو 5 روپئے میں ناشتہ اور 10 روپئے میں دوپہر کا کھانا فراہم کرنے کا اعلان خو ش آئند ہے۔ محکمہ شہری ترقیات کو وزیر اعلیٰ نے 18 ہزار کروڑ روپیوں کا بجٹ مختص کیا ہے، اس کا بھی جناب روشن بیگ نے خیر مقدم کیا۔


Share: